🌹 صحابہ معیار حق ہیں 🌹
افادات: مسند الہند حکیم الاسلام حضرت مولانا شاہ ولی اللہ صاحب محدث دہلوی رحمہ اللہ تعالیٰ
شارح: حضرت مولانا مفتی سعید احمد پالن پوری صاحب دامت برکاتہم شیخ الحدیث و صدر المدرسین دارالعلوم دیوبند
ناقل: عادل سعیدی پالن پوری
خاتم النبین ﷺ سے پہلے ہر نبی مخصوص قوم کی طرف مبعوث کیا جاتا تھا، بخاری شریف میں ہے: کان النبی ﷺ یبعثُ الیٰ قومہ خاصةً، و یبعثُ الی الناس کافةً ( ہر نبی اس کی قوم کی طرف مبعوث کیا جاتا تھا، اور میں تمام لوگوں کی طرف مبعوث کیا گیا ہوں ) اور اس وقت چونکہ نبوت کا سلسلہ جاری تھا، اس لئے ایک نبی کے بعد دوسرا نبی اس کا قائم مقام بنتا تھا، اس وقت امتیں مبعوث نہیں ہوتی تھیں، مگر خاتم النبین ﷺ کے بعد چونکہ نبوت کا سلسلہ بند ہوگیا، اس لئے پیغام رسانی کے لئے آپ ﷺ کی امت کو بھی مبعوث فرمایا گیا، صحیحین میں روایت ہے: کانت بنو اسرائیل تسوسھم الانبیاءُ، کلما ھلک نبی خلفہ نبی، و انہ لانبی بعدی ( بنی اسرائیل کے امور کی تدبیر و انتظام حضرات انبیاء علیھم الصلوٰۃ والسلام کرتے تھے، جب ایک نبی کا انتقال ہوجاتا، تو دوسرا نبی اس کا قائم مقام بن جاتا، اور بیشک شان یہ ہے کہ میرے بعد کوئی ( نیا ) نبی نہیں ہے ) جو میری قائم مقامی کرے، آپ ﷺ کے بعد آپ کی قائم مقامی آپ ﷺ کی امت کرے گی۔
نیز گذشتہ انبیائے کرام علیہم الصلوٰۃ والسلام مفھمین کی مذکورہ بالا تمام انواع کے جامع نہیں ہوتے تھے ( مفھمین: اللہ سبحانہ وتعاليٰ کے تربیت کئے ہوئے لوگ، جنکی تعداد آٹھ ہیں، تفصیلات کے لئے رجوع کریں، رحمۃ اللہ الواسعہ جلد نمبر ٢ صفحہ نمبر ٤٦ ) صرف ایک یا دو فنون کے جامع ہوتے تھے، ایسی ہمہ گیر شخصیت جو مفھمین کی تمام انواع کو جامع ہو، بس ایک ہی شخصیت ہے، اور وہ آپ ﷺ کی ذات والا صفات ہے، حضرت ختمی مرتبت ﷺ "آنچہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری " کا مصداق ہیں، اس لئے نبیوں میں سب سے اونچا مقام آپ ﷺ کا ہے۔
دلائل: اس بات کی دلیل کہ خاتم النبین ﷺ کی بعثت دوہری ہے، یعنی آپ ﷺ کی امت بھی مبعوث ہے، اور وہ یک گونہ آپ ہی کی بعثت ہے، شاہ صاحب قدس سرہ نے اس کی تین دلیلیں بیان کی ہیں، دو آیات کریمہ، اور ایک حدیث شریف، جن کی تفصیل درج ذیل ہے:
پہلی دلیل: رسول اللہ ﷺ کی نبوت آفاقی اور ابدی ہے، سورۂ سبا آیت نمبر ٢٨ میں ارشاد پاک ہے:
وَمَا أَرْسَلْنَاكَ إِلَّا كَافَّةً لِلنَّاسِ بَشِيرًا وَنَذِيرًا وَلَٰكِنَّ أَكْثَرَ النَّاسِ لَا يَعْلَمُونَ ( اور ہم نے آپ کو تمام لوگوں کے واسطے پیغمبر بناکر بھیجا ہے، خوش خبری سنانے والے، اور ڈرانے والے، لیکن اکثر لوگ نہیں سمجھتے )یعنی خواہ عرب ہوں، یا عجم، موجود ہوں، یا آئندہ آنے والے، آپ ﷺ سب کی طرف مبعوث فرمائے گئے ہیں، ادہر آپ ﷺ کا بذات خود تمام جہاں میں دعوت کے لئے پہنچنا ایک مشکل امر تھا، اس وجہ سے آپ ﷺ کی بعثت کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جزیرة العرب کے باشندوں کی طرف آپ ﷺ کی بعثت بلاواسطہ ہے، اور باقی سارے جہاں کی طرف آپ ﷺ کی بعثت امیین ( طبقۂ صحابہ ) کے واسطے سے ہے، پس جماعت صحابہ بھی مبعوث ہے، اور یہ بھی من وجہٍ آپ ﷺ ہی کی بعثت ہے، اس طرح آپ ﷺ کی بعثت دوہری ہوئی۔
سورة الجمعہ آیت نمبر ٢تا ٤ تک میں آپ ﷺ کی امت کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ارشاد پاک ہے:
هُوَ الَّذِي بَعَثَ فِي الْأُمِّيِّينَ رَسُولًا مِنْهُمْ يَتْلُو عَلَيْهِمْ آيَاتِهِ وَيُزَكِّيهِمْ وَيُعَلِّمُهُمُ الْكِتَابَ وَالْحِكْمَةَ وَإِنْ كَانُوا مِنْ قَبْلُ لَفِي ضَلَالٍ مُبِينٍ * وَآخَرِينَ مِنْهُمْ لَمَّا يَلْحَقُوا بِهِمْ ۚ وَهُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ * ذَٰلِكَ فَضْلُ اللَّهِ يُؤْتِيهِ مَنْ يَشَاءُ ۚ وَاللَّهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِيمِ ( اللہ وہی ہیں، جنہوں نے امیوں میں، انہیں میں سے ایک عظیم پیغمبر بھیجا، جو انکو اللہ کی آیتیں پڑھ کر سناتا ہے، اور انکو پاک کرتا ہے، اور ان کو کتاب الٰہی اور دانشمندی کی باتیں سکھاتا ہے، اگرچہ وہ لوگ پہلے سے کھلی گمراہی میں تھے، اور ان میں سے دوسروں میں ( بھی آپ ﷺ کو بھیجا ) جو ہنوز ان میں شامل نہیں ہوئے، اور وہ زبردست، حکمت والے ہیں، یہ فضل خداوندی ہے، جس کو چاھتے ہیں دیتے ہیں، اور اللہ تعالٰی بڑے فضل والے ہیں۔
اس آیت میں امیوں سے مراد عرب ہیں، جو بعثت نبویﷺ کے وقت جزیرۃ العرب میں بود و باش رکھتے تھے، جن کی اکثریت حضرت اسماعیل علیہ الاسلام کی اولاد اور ناخواندہ تھی، انکی طرف نبی عربی ﷺ بلاواسطہ مبعوث فرمائے گئے ہیں، اسی لئے آپ ﷺ کا لقب النبی الأمی ہے ( سورۂ اعراف آیت نمبر ١٥٧ ) تورات و انجیل میں بھی آپ ﷺ کا اسی وصف سے تذکرہ کیا گیا ہے، اور الآخرین کا عطف الأ میین پر ہے، اور آخرین سے مراد تمام عجم ( غیر عرب ) ہیں، وہ بھی بایں اعتبارعربوں میں شامل ہیں، کہ تمام انسان ایک ماں باپ کی اولاد ہیں، یھی آیت کی صحیح تفسیر ہے، خود شاہ صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ نے آیت کا ترجمہ یہ کیا ہے "و نیز مبعوث کرد آں پیغامبر را در قومے دیگر از بنی آدم کہ ہنوز نہ پیوستہ اند بامسلماناں " اور حاشیہ میں تحریر فرمایا ہے "یعنی فارس و سائر عجم " پس یہ خیال قطعاً باطل ہے کہ آخرین سے مراد صرف ہندو ہیں، جیسا کہ ''اب بھی نہ جاگے تو '' کے مصنف کا خیال ہے۔
اور واو کے ذریعہ عطف کرنے کی صورت میں معطوف، معطوف علیہ میں من وجہٍ اتحاد ہوتا ہے، اور من وجہٍ مغایرت، یھاں اتحاد اس اعتبار سے ہے کہ عرب و عجم دونوں ہی آپ ﷺ کی امت ہیں، اور مغایرت اس اعتبار سے ہے کہ آپ ﷺ اول کی طرف بلاواسطہ مبعوث ہیں، اور آخرین کی طرف بالواسطہ یعنی بواسطۂ امت اُمّیَہ۔
اور ذَٰلِكَ فَضْلُ اللَّهِ يُؤْتِيهِ مَنْ يَشَاءُ میں اس طرف اشارہ ہے کہ دولت ایمان تمام عجمیوں کو نصیب نہیں ہوگی، اس لئے ان سے جزیہ قبول کیا جاتا ہے، اور اس کی وجہ فضل کی کمی نہیں ہے وَاللَّهُ ذُو الْفَضْلِ الْعَظِيمِ، بلکہ قابلیت کا فقدان ہے، اور چونکہ اس قسم کا کوئی مضمون امیین کے ساتھ نہیں آیا، اس لئے امام اعظم رحمہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک ان سے جزیہ قبول نہیں کیا جاتا۔
پس جب امیوں میں آپ ﷺ کا کام تمام ہوگیا، اور جزیرۃ العرب کے باشندے فوج در فوج اسلام میں داخل ہونے لگے تو سورة النصر نازل ہوئی، اور آپ ﷺ کو اطلاع دی گئی کہ آخرت کے لئے تیاری شروع فرمادیں، آپ کا دنیا کا کام تمام ہوگیا ہے، آگے کام صحابہ سنبھال لیں گے۔
دوسری دلیل: سورۂ آل عمران آیت نمبر ١١٠ میں ارشاد پاک ہے:
كُنْتُمْ خَيْرَ أُمَّةٍ أُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَأْمُرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَتَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ وَتُؤْمِنُونَ بِاللَّهِ ۗ وَلَوْ آمَنَ أَهْلُ الْكِتَابِ لَكَانَ خَيْرًا لَهُمْ ۚ مِنْهُمُ الْمُؤْمِنُونَ وَأَكْثَرُهُمُ الْفَاسِقُونَ ( تم لوگ بہترین امت ( جماعت ) ہو، جو لوگوں کے فائدے کے لئے وجود میں لائی گئی ہے، تم لوگ نیک کاموں کا حکم دیتے ہو، اور بری باتوں سے روکتے ہو، اور اللہ تعالٰی پر ایمان رکھتے ہو، اور اگر اہل کتاب ایمان لے آتے تو ان کے لئے اچھا ہوتا، ان میں سے بعضے مسلمان ہیں، اور ان میں سے بیشتر کافر ہیں )۔
اس آیت پاک کی تفسیر میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے تین ارشاد مروی ہیں، جو درج ذیل ہیں:
١۔۔۔۔ ابن جریر طبری اور ابن ابی حاتم نے سُدی رحمہ اللہ تعالیٰ ( مفسر قرآن تابعی ) سے اس آیت پاک کی تفسیر میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا یہ قول نقل کیا ہے:
لو شاء اللہ لقال '' انتم '' فکنا کلُنا، ولٰکن قال: '' کنتم '' خاصةً فی اصحاب محمد ﷺ، و من صنع مثل صنیعھم کانوا خیر امة أخرجت للناس ( اگر اللہ تعالٰی چاھتے تو انتم فرماتے، پس اس وقت ہم سب آیت کا مصداق ہوتے، مگر اللہ تعالٰی نے کنتم فرمایا، خاص طور پر صحابۂ کرام ؓ کے بارے میں، اور جو لوگ صحابۂ کرام ؓ جیسے کام کرے، وہ بہترین امت ہونگے، یہ امت لوگوں کی نفع رسانی کے لئے وجود میں لائی گئی ہے )
٢۔۔۔۔ سُدی رحمہ اللہ تعالیٰ ہی سے ابن جریر اور ابن ابی حاتم رحمہما اللہ تعالیٰ نے آیت کی تفسیر میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ کا یہ قول بھی نقل کیا ہے:
قال: یکون لاوّلِنا، ولایکون لآخرنا ( فرمایا: یہ آیت ہمارے اگلوں کے لئے یعنی صحابہ ؓ کے لئے ہے، اور ہمارے پچھلوں کے لئے نہیں ہے )
٣۔۔۔۔ ابن جریر حضرت قتادہ رحمہ اللہ تعالیٰ سے روایت کرتے ہیں:
ذُکر لنا أن عمر بن الخطاب رضی اللہ عنہ قرأ ھٰذہ الآیة '' کنتم خیر امة أخرجت للناس '' الآیة، ثم قال: یاأیھا الناس! من سرّہٗ أن یکون من تلکم الأمة فلیؤد شرط اللہ منھا ( ہم سے یہ بات بیان کی گئی کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے یہ آیت کنتم خیر امة تلاوت فرمائی، پہر فرمایا کہ جو شخص تم میں سے چاھتا ہے کہ اس امت ( خیر الامم ) میں شامل ہو تو چاھئے کہ وہ اللہ کی شرط پوری کرے، جو خیر الامم کے لئے آیت میں لگائی گئی ہے )
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے مذکورہ بالا تینوں ارشادات کنزل العمال جلد نمبر ٢ صفحہ نمبر ٣٧٥۔ ٣٧٦ میں مذکور ہیں، حدیث نمبر ترتیب وار یہ ہیں، ٤٢٨٩۔ ٤٢٩٢۔ ٤٢٩٣۔
اس کے بعد ایک نحوی قاعدہ جان لیں، تاکہ انتم اور کنتم کا فرق واضح ہوجائے، انتم خیر امة، جملہ اسمیہ خبریہ ہے، جو محض ثبوت و استمرار پر دلالت کرتا ہے، اس میں کسی زمانہ سے کوئی بحث نہیں ہوتی، مثلاﹰ زیدٌ قائمٌ یہ جملہ زید کے لئے قیام کے ثبوت و استمرار پر دلالت کرتا ہے، کوئی خاص زمانہ اس میں ملحوظ نہیں ہے، اور کنتم خیر امة میں ضمیر، کان کا اسم ہے، اور خیر امة مرکب اضافی کان کی خبر ہے، اور نحوی قاعدہ یہ ہے '' کان اپنے دونوں معمولوں ( اسم و خبر ) کے ساتھ، اس کے اسم کے، اس کی خبر کے مضمون کے ساتھ محض اتصاف پر دلالت کرتا ہے ( یعنی کوئی امر زائد اس میں نہیں ہوتا ) ایسے زمانہ میں جو اس کے صیغہ کے مناسب ہو، یا اس کے مصدر کے مشتقات میں سے جملہ میں مذکور صیغہ کے مناسب ہو، اگر صیغہ فعل ماضی ہو، تو زمانہ صرف ماضی ہوگا، بشرطیکہ اس کو غیر ماضی کے لئے خاص کرنے والا کوئی لفظ نہ ہو، اور اگر صیغہ خالص فعل مضارع کا ہو تو اس میں حال و استقبال دونوں زمانوں کی صلاحیت ہوگی، بشرطیکہ کوئی حرف جیسے لن، لم وغیرہ اس کو کسی ایک زمانے کے ساتھ خاص نہ کردیں، یا اس کو ماضی کے لئے نہ کردیں،۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مثلاﹰ: کان الطفل جاریا، اس وقت کہیں گے جب بچہ زمانۂ ماضی میں چلنے لگا ہو، اور یکون الطفل جاریا اس وقت کہیں گے جب چلنا زمانۂ حال میں، یا مستقبل میں متحقق ہو ''( النحو الوافی جلد نمبر ١ صفحہ نمبر ٥٤٨ )۔
پس اگر آیت کریمہ میں انتم خیرُ امةٍ ہوتا، تو خیریت کا ثبوت دوام و استمرار کے ساتھ ہوتا، اور پوری امت اس کا مصداق ہوتی، مگر جب آیت میں کنتم خیر امةٍ ہے تو نزول آیت کے وقت زمانۂ ماضی میں جو امت وجود پذیر ہوچکی ہے، اس کو خیریت کے ساتھ متصف کیا گیا ہے، پس صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم اجمعین ہی آیت کا مصداق اولیں ہیں، کیونکہ نزول آیت کے وقت انہیں کا تحقق ہوچکا تھا، باقی امت ابھی تک وجود پذیر نہیں ہوئی تھی، البتہ باقی امت کے وہ افراد جو آیت کی شرط پوری کریں۔۔۔۔۔۔ آیت کا مصداق ہوں گے۔
اب آیت کریمہ کا مطلب حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے تینوں ارشادات کی روشنی میں یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے جماعت صحابہ کو یعنی امیین کو جو آنحضورﷺ کی بلاواسطہ امت ہیں، مخاطب فرماکر ارشاد فرمایا، کہ تم علم الٰہی میں بہترین امت تھے، اس لئے تم کو لوگوں کی نفع رسانی کے لئے وجود میں لایا گیا ہے، یعنی دعوت اسلام کو لے کر ساری دنیا میں تمہیں پہنچا ہے، تمہیں چاھئے کہ لوگوں کو بھلائی کی باتوں کا حکم دو، برائی کی باتوں سے روکو، اور لوگوں کو اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے کی دعوے دو، اس خیر امت میں اہل کتاب ( یہود ) شامل نہیں ہیں، اگرچہ وہ مدینہ منورہ میں سکونت پذیر تھے، کیونکہ ان میں سے معدودے چند کے علاوہ کوئی ایمان نہیں لایا، اہل کتاب کا لفظ اگرچہ عام ہے، مگر آیت میں سیاق کے قرینہ سے خاص یہود مراد ہیں۔
اور جس طرح نبی کے لئے عصمت ضروری ہے، کیونکہ اس کے بغیر نبی کے پہنچائے ہوئے دین پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا، اسی طرح جماعت صحابہ کے لئے حفاظت ضروری ہے، کیونکہ وہ خیر الامم ہیں، اور وہ من وجہٍ مبعوث الی الآخرین ہیں، پس عدالت و حفاظت کے بغیر ان کے پہنچائے ہوئے دین پر اعتماد نہیں کیا جاسکتا، اور یہ حکم کلی کے ہر ہر فرد کا ہے، ارشاد نبویﷺ ہے '' میرے صحابہ آسمان کے ستاروں کی مثال ہیں، ان میں سے جس کی بھی تم پیروی کروگے، منزل مقصود تک پہنچ جاؤگے '' ( یہ حدیث چھ صحابہ سے مروی ہے، اور حسن لغیرہ ہے، تفصیل کے لئے دیکھیں، دین کی بنیادیں اور تقلید کی ضرورت صفحہ نمبر ٨٩ تا ٩٥ )۔
صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم اجمعین کی اسی عدالت و حفاظت کا نام '' معیار حق '' ہونا ہے، جن لوگوں کے نزدیک اللہ و رسول کے علاوہ کسی کی ذہنی غلامی جائز نہیں ہے، وہ سخت گمراہی میں ہیں، وہ سوچیں، ان تک دین صحابۂ کرام ؓ ہی کے توسط سے پہنچا ہے، اگر وہی قابل اعتبار اور لائق تقلید نہیں، تو پہر آپ کے دین کی صحت کی کیا ضمانت ہے۔
غرض صحابہ کا طبقہ امت کا ایک ایسا طبقہ ہے، جو من حیث الطبقة یعنی پوری کی پوری جماعت دین کے معاملہ میں مأمون و محفوظ ہے، اور وہ ہر اعتقادی گمراہی یا عملی خرابی سے پاک ہے، کیونکہ وہ بھی مبعوث ہے۔
تیسری دلیل: بخاری شریف میں روایت ہے، ایک اعرابی نے مسجد نبوی میں پیشاب کرنا شروع کردیا، لوگوں نے اس کو لے لیا، آپ ﷺ نے صحابہ سے فرمایا: اسے چھوڑو، اور اس کے پیشاب پر پانی کی ایک بالٹی ڈال دو، اور فرمایا: فانما بُعثتم میسرین، و لم تُبعثوا معسّرین ( کیونکہ تم آسانی کرنے والے بناکر ہی مبعوث کئے گئے ہو، تنگی کرنے والے بناکر مبعوث نہیں کئے گئے )( بخاری شریف کتاب الوضوء، حدیث نمبر ٢٢٠ مشکوٰۃ باب تطہیر النجاسات حدیث نمبر ٤٩١ ) یہ حدیث شریف صحابۂ کرام کی بعثت میں بالکل صریح اور دو ٹوک ہے، عُلم من ھٰذا الحدیث أن أمتہ ﷺ أیضاً مبعوثةٌ الی الناس، فثبت لہ ﷺ بعثتان البتة ( عبیداللہ سندھی )۔
فائدہ: آنحضورﷺ افراد انبیاء کے خاتم ( آخری فرد ) ہیں، اس وجہ سے آپ ﷺ کے بعد کوئی نیا نبی نہیں آسکتا، رہی امت کی بعثت تو وہ صرف پیغام رسانی میں ہے، یعنی یہ بات کمالات نبوت میں ہے، اور کمالات نبوت باقی ہیں، ختم نہیں ہوئے، صرف نبوت ختم ہوئی ہے، پس امت کے کسی بھی فرد کو نبی نہیں کہہ سکتے۔
ختم شد
0 تبصرے comments:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔